کراچی کے علاقے سعودآباد سے لاپتہ ہونے والی ایک اور لڑکی نمرہ کاظمی کا اپنی شادی سے متعلق ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔ نمرہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی مرضی کے مطابق شادی کی ہے۔
نمرہ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ میں کراچی میں رہتی ہوں، میں 17 اپریل کو یہاں آئی اور 18 اپریل کو میں نے نکاح کیا۔
نمرہ کاظمی نے تونسہ کے رہائشی نجیب شاہ رخ سے شادی کی ہے۔
سماء نیوز کے مطابق نمرہ نے اپنی مرضی سے شادی کرنے کی وجہ یہ بتائی کہ ان کے والد نمرہ کی شادی کسی بڑے عمر کے آدمی سے کرنا چاہتے تھے جس کے باعث انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔
نیوز رپورٹ کے مطابق نمرہ کاظمی نے ڈی جی خان میں ایڈیشنل سیشن کی عدالت میں والد کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس میں یہ لکھا ہے کہ والد بڑی عمر کے آدمی سے شادی کروانا چاہتے تھے۔
دوسری جانب نمرہ کاظمی کی اب سے کچھ دیر قبل ایک ویڈیو وائرل ہو رہی جس میں انہیں شادی کے لباس میں ملبوس دیکھا گیا ہے ساتھ میں ان کے شوہر بھی دلہا کے لباس میں بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرتیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
خیال رہے سعود آباد سے لاپتہ نمرہ نے ڈیرہ غازی خان میں نکاح کر لیا ہے۔ نمرہ 20 اپریل کو لاپتہ ہو گئی تھی۔