جہاں دنیا ترقی کی منازل طے کرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہوگئی وہیں دنیا کا دوسرا بڑا بر اعظم افریقہ کچھ وجوہات کی بناء پر باقی دنیا سے کہیں پیچھے رہ گیا۔ افریقہ میں آج بھی ایسی روایات پائی جائی ہیں جن کے بارے میں سن کر لوگوں کو یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ آج کے اس آرٹیکل میں آپ کو افریقہ کے چند حیرت انگیز رسم و رواج کے بارے میں بتایا جائے گا۔
ہونٹ پلیٹ
افریقہ اپنے اندر ایک قدیم تہذیب رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود وہاں کے لوگ ایک دوسرے یا خواتین پر کسی قسم کی زبردستی کے قائل نہیں ہیں۔ ہر شخص کو روایات کو اپنانے یا نا اپنانے کا پورا حق حاصل ہوتا ہے۔ ایسی ہی ایک روایت ہونٹ پلیٹ کی ہے۔ اس میں لڑکی جب 15,16 سال کی ہوجائے تو اپنے ہونٹوں کی ساخت بدلوانے کے لئے ہونٹ اوپر سے کٹوا لیتی ہے اور ایک پلیٹ نما چیز پہن لیتی ہے۔ یہ افریقی فیشن ہے۔
لڑکا شادی کے قابل ہوا یا نہیں؟
عام طور پر لڑکے شادی کے قابل ہیں یا نہیں اس بات کا فیصلہ ان کی عمر، تعلیم اور کمانے کی صلاحیت سے کیا جاتا ہے لیکن افریقہ میں یہ صورتحال مختلف ہے۔ افریقہ کا ہامر نامی قبیلہ اس حوالے سے ایک انوکھی روایت رکھتا ہے۔ اس روایت کے تحت لڑکے کو سال میں ایک بار ہونے والے بیل جمپنگ کے تہوار میں حصہ لینا ہوتا ہے۔ اس تہوار میں مویشیوں کا خیال رکھا جاتا ہے انھیں سنوارا جاتا ہے جبکہ 15 بیلوں پر اچھی طرح گوبر ملا جاتا ہے اور لڑکوں کو ان پر چلنا ہوتا ہے۔ اگر لڑکا کامیاب ہوجائے تو اس کا مطلب اب وہ بیوی، بچوں اور گھر کی ذمہ داری اٹھانے کے قابل ہے اور اگر گر جائے تو اس کا مطلب اسے ایک سال مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
بچہ پیدا ہو تو اس پر تھوکتے کیوں ہیں؟
افریقہ کی ایک ملک کینیا میں تھوک کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ جب وہاں کوئی بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کی خوش قسمتی کے لئے اس پر تھوکا جاتا ہے۔ اتنا ہی نہیں شادی کے وقت دلہن کو رخصت کرتے ہوئے اس کے والد بھی دلہن پر تھوکتے ہیں اور لمبی عمر کی دعائیں کرتے ہیں۔ ہاتھ ملانے سے پہلے بھی ہاتھ پر تھوک لگایا جاتا ہے اور پھر ہاتھ ملایا جاتا ہے۔