"اپنے والد کی یاد میں میں اور میری بہنوں نے مل کر اس مسجد کی تعمیر کروائی اور ہم ان تمام لوگوں کے بے حد مشکور ہیں جنھوں نے اس نیک کام میں ہماری مدد کی اور رمضان کے مبارک مہینے میں اس مسجد کی تعمیر مکمل کروائی"
یہ الفاظ ہیں معروف اداکارہ منشا پاشا کے جنھوں نے اپنے مرحوم والد ڈاکٹر طارق پاشا میمن کے نام سے بہنوں کے ساتھ مل کر مسجد تعمیر کروائی۔ منشا پاشا سماجی کارکن اور سیاست دان جبران ناصر کی اہلیہ بھی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد سادہ مگر پرسکون اور خوبصورت ہے۔ دروازے اور کھڑکیوں پر گہرا نیلا رنگ کیا گیا ہے جس سے ٹھنڈک کا احساس ہورہا ہے اس کے علاوہ پنکھا بھی لگا ہے اور مسجد میں کتابیں اور ضروری اشیاء رکھنے کے لئے الماری بھی بنائی گئی ہے۔ اس مسجد کی تعمیر کے حوالے سے منشا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں بتایا کہ مسجد طارق کراچی سے تقریباً 4 گھنٹے کے فاصلے پر موجود ایک گاؤں میں بنائی گئی ہے۔
پوسٹ کے اختتام پر منشا پاشا نے مداحوں سے اپنے والد کی مغفرت کی دعا کرنے کی درخواست بھی کی۔