’جب آپ کو معلوم ہو کہ آپ کی سابقہ بیوی کی دوبارہ شادی ہو رہی ہے۔۔۔‘ ایکس پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے سابقہ مالک علی ترین کا یہ مزاحیہ پیغام صارفین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پیغام کے ساتھ انھوں نے جِم میں موجود اپنی تصویر بھی شامل کی ہے۔

’جب آپ کو معلوم ہو کہ آپ کی سابقہ بیوی کی دوبارہ شادی ہو رہی ہے۔۔۔‘ ایکس پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے سابقہ مالک علی ترین کا یہ مزاحیہ پیغام صارفین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پیغام کے ساتھ انھوں نے جِم میں موجود اپنی تصویر بھی شامل کی ہے۔
دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتان سلطانز کی نیلامی کے لیے اخبارات میں اشتہار دیا ہے۔
یہ بظاہر پی سی بی کا اپنے ہی ایک فیصلے سے یوٹرن ہے جس میں اس نے اعلان کیا تھا کہ وہ خود 2026 کے سیزن میں ٹیم کو چلائیں گے۔ علی ترین کے ساتھ لیگ کے انتظامی اور مالی معاملات پر اختلافات کے بعد پی سی بی نے ان کے معاہدے کی تجدید نہیں کی تھی۔
بدھ کو اخباروں میں شائع ہونے والے اس اشتہار میں پی سی بی نے ملتان کی ٹیم فرنچائز رائٹس کے لیے ممکنہ سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے بعد سے ملتان کی ٹیم نہ صرف لیگ کا اہم حصہ رہی ہے بلکہ شائقین میں اس کی بڑی فالوئینگ بھی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیم کے حقوق حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار 30 جنوری شام تین بجے تک بولی جمع کروا سکتے ہیں۔
بورڈ کے مطابق جمع کروائی گئی بولی اس ہی روز ساڑھے تین بجے کھولی جائے گی اور تکنیکی طور پر اہل بولی دہندگان کو اس عمل میں مزید حصہ لینے کی اجازت ہو گی۔
ملتان سلطانز کی نیلامی پر پی سی بی کا بدلتا موقف
گذشتہ ماہ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے 2026 کے سیزن میں ملتان سلطانز کو کرکٹ بورڈ ہی چلائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کو بھی آٹھ جنوری کو ہونے والی بولی میں شامل کیا جا سکتا تھا لیکن ملکی قوانین اس کی اجازت نہیں دیتے کیونکہ ’اس کا ایک پورا طریقہ کار ہے۔‘
اُن کے بقول ’پہلے اس کے لیے اشتہار دیا جانا ہے، جس کے بعد ہم دو ماہ انتظار کے پابند ہیں اور اس کے بعد ہی بولی کا مرحلہ شروع کیا جا سکتا ہے۔‘
تاہم اس بیان کے محض 16 روز بعد بورڈ نے مختلف اخبارات میں ملتان سلطانز کی نیلامی کا اشتہار دے دیا۔
علی ترین نے ملتان سلطانز کیوں چھوڑی؟
ماضی میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے علی ترین کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کو چھوڑنا ان کے لیے آسان فیصلہ نہیں تھا۔ ’ہم نے اس ٹیم کو ایک برانڈ بنانے کے لیے وقت، پیسہ اور بہت محنت کی ہے۔ حالات کے پیش نظر یہ مشکل مگر درست فیصلہ تھا۔‘
ان کے مطابق فرنچائز چھوڑنے کا فیصلہ وہ گذشتہ ایک سال سے زیر غور رکھے ہوئے تھے، جس کی بنیادی وجہ لیگ کے اندر انتظامی مسائل اور فنانشل ماڈل سے متعلق خدشات تھے۔
پی سی بی کے ساتھ ماضی میں ہونے والے اختلافات پر بات کرتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ ’ہم دونوں ہی معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھال سکتے تھے۔ لیگ کی انتظامیہ کو مجھ سے پہلے بات کرنی چاہیے تھی۔‘
’کبھی کبھی صرف چائے بسکٹ پر بات کر لینا بھی کافی ہوتا ہے۔ شاید مجھے بھی کچھ باتیں عوامی سطح پر نہیں کرنی چاہیے تھیں، مگر اب معاملات ٹھنڈے ہو چکے ہیں اور یہ تعلقات نئے سرے سے شروع کرنے کا اچھا وقت ہے۔‘
’میری تنقید کا مقصد کبھی بھی پی ایس ایل کی قدر کم کرنا نہیں تھا۔ میں پہلے ہی سالانہ 1.1 ارب روپے ادا کر رہا تھا، نئی ویلیوایشن 85 کروڑ آئی، اس کے باوجود معاہدے کے تحت مجھے 25 فیصد اضافی رقم دینا تھی۔ میرا مقصد ہمیشہ لیگ کی بہتری رہا ہے، اور جب بات سنی نہیں گئی تو عوامی سطح پر مایوسی کا اظہار کرنا پڑا۔‘
ملتان سلطانز کا نیا مالک کون ہو سکتا ہے؟
رواں ماہ آٹھ جنوری کی پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کی گئی تو پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم ’حیدر آباد‘ ایف کے ایس گروپ کے فواد سرور نے ایک ارب 75 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر خریدی۔ امریکہ میں کرکٹ کی مختلف ٹیموں کے مالک اس سرمایہ کار گروپ نے ٹیم کے نام کے لیے حیدرآباد شہر کا انتخاب کیا۔
جبکہ آٹھویں ٹیم ’سیالکوٹ‘ اوزی ڈیویلپرز نے 185 کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگا کر اپنے نام کی۔
لیکن نیلامی کے دوران ہونے والی ’بڈنگ وار‘ کے دوران ایک اور امیدوار جو ابھر کر سامنے آیا وہ آئی ٹو سی کمپنی تھی۔ دونوں ٹیموں کے لیے وہ آخر تک بولی لگاتے رہے تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔
اب پی سی بی کی جانب سے ملتان کی ٹیم کی بولی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین آئی ٹو سی گروپ ک سی ای او نوید علی بیگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہ رہے ہیں کہ ان کے پاس پی ایس ایل ٹیم حاصل کرنے کا ایک اور موقع ہے۔
سپورٹس صحافی عمران صدیق لکھتے ہیں کہ پی سی بی نے ملتان کی نیلامی کا اعلان کیا ہے اور اس متعلق اشتہار بھی دے دیا ہے۔
وہ نوید علی بیگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’انکل، آپ کے لیے ٹیم تیار ہے۔‘
خیال رہے کہ ملتان سلظانز کے سابق مالک علی ترین نے بھی ان دونوں ٹیموں کی نیلامی میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا تاہم آخری روز وہ اس دستبردار ہو گئے تھے۔
انھوں اپنے ایکس کاؤنٹ پر لکھا کہ ملتان سلطانز کی ملکیت کا مقصد صرف کرکٹ ٹیم حاصل کرنا نہیں بلکہ بات جنوبی پنجاب کے لیے آواز اٹھا تھا۔
انھوں نے کہا تھا کہ ’ایک ایسا خطہ جسے بہت عرصے سے نظر انداز کیا گیا تھا۔ یہی وہ چیز ہے جس نے ہماری بنائی ہوئی ہر چیز کو آگے بڑھایا۔‘
’اگر میں پی ایس ایل میں لوٹا تو وہ بھی اسی وجہ سے ہو گا۔ جب بھی ملتان کی ٹیم کی نیلامی ہو گی، ہم تیار ہوں گے۔‘