اکثر لوگ قربانی کی وجہ سے نئے کپڑے نہیں بناتے تو پرانے کپڑوں کو کیسے دھوئیں اور کلف لگائیں جو یہ بالکل نئے جیسے لگیں؟

image

جدید دور میں لوگوں کی سہولت کے لئے جتنی ایجادات ہوتی چلی جارہی ہیں اس نے لوگوں کی زندگی بہت آسان کردی ہے۔ انہیں سہولیات میں ایک آٹومیٹک واشنگ مشین بھی ہے جس میں اب کپڑوں کی دھلائی بہت آسان ہو گئی ہے۔ صرف ایک دفعہ کپڑے اس میں ڈال دیں باقی سارا کام آپ کی مشین خود ہی کر لے گی۔ نہ اس میں پانی ڈالنے کی ضرورت نہ ہی بار بار کپڑے نکال کر کھنگالنے کی ضرورت ، یہ مشین خود ہی سب کا م کر لیتی ہے۔ لیکن اس مشین کے جہاں اتنے فائدے ہیں وہیں ایک نقصان یہ بھی ہے کہ اس میں سرف بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے کیونکہ ہر دفعہ کپڑے ڈالنے کے بعد نئے سرے سے سرف ڈالنا پڑتا ہے جبکہ ہمارے ہاں لوگوں کو عادت ہے کہ ایک دفعہ مشین لگائی اور اسی سرف اور پانی میں کئی دفعہ کپڑے ڈال دئیے یا کئی چکر گھما لئے۔

لیکن آٹو میٹک واشنگ مشین میں ایک دفعہ آپ سرف ڈالیں تو پھراس میں ایک ہی دفعہ کپڑے دھلتے ہیں کیونکہ اس کا پورا پروسیجر ہے جس کے تحت یہ مشین چلتی ہے۔ لیکن یہاں ہم ایک زبردست طریقہ لے کر آئے ہیں کہ جس پر عمل کر کے آپ اس مشین میں بھی ایک ہی دفعہ سرف ڈال کر کئی بار کپڑے دھو سکتی ہیں۔ اس کے لئے آپ کو چند ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

اس کے لئے آپ مشین کو آن کردیں اس کے ڈرم میں جو کپڑے دھونے ہیں وہ ڈال دیں، اس کے بعد اس کی سیٹنگ میں جائیں، اس کا فنکشن نارمل پر کریں۔

اس کے بعد واٹر لیول کو سیٹ کریں اپنے کپڑوں کے حساب سے واٹر لیول سیٹ کریں زیادہ کپڑے ہیں تو 8 یا 9 پر رکھیں اور کم ہیں تو 7 پر کردیں۔

اب اس کا واش ٹائم سیٹ کریں، اگر کپڑے زیادہ گندے ہیں تو زیادہ ٹائم رکھیں کم گندے ہیں تو کم رکھیں۔

اب اس کا رنس ٹائم یعنی جب کپڑوں کو دھونے کے بعد مشین پانی باہر نکالتی ہے تو اس ٹائم کو آپ 0 پرکر دیں گے تاکہ کپڑے دھونے کے بعد مشین پانی کو خارج نہ کرے ۔

اس کے بعد اسپن ٹائم کی سیٹنگ ہوتی ہے یعنی جب مشین میں آپ کے کپڑے نچوڑے یا اسپن کئے جارہے ہوتے ہیں۔ تو اس کی ٹائمنگ بھی 0 کردیں۔

اب اس سب سیٹنگ کی وجہ سے آپ کی مشین کپڑے واش کرنے کے بعد پانی باہر نہیں نکالے گی۔ بلکہ کپڑے دھونے کے بعد پانی اورسرف ڈرم میں ہی موجود رہے گا۔ اب آپ اس میں سے کپڑے نکال لیں اور اس میں دوسرے کپڑے ڈال دیں۔

اب اس میں سیٹنگ دوبارہ کریں گے۔ اب چونکہ اس میں پانی موجود ہے تو واٹر لیول 1 کر دیں گے۔

واش ٹائم سیٹ کریں 15 یا 20 منٹ مناسب رہتا ہے۔

اب اگر اس چکر کے بعد آپ کو ایک دفعہ اسی سرف میں اور کپڑے دھونا ہیں تو اس میں رنس ٹائم 0 کر دیں اور اسپن ٹائم بھی 0 کردیں۔ اور مشین اسٹارٹ کردیں۔

اب یہ پورا عمل اسی طرح دوبارہ ہوگا ، اور اگر تیسری دفعہ کپڑے دھونے ہیں تو پرانے کپڑے نکال کر اب تیسری دفعہ اپنے کپڑے ڈال دیں۔

اب اس میں اگر پانی کی ضرورت ہے تو واٹر لیول سیٹ کرلیں اس کے بعد اس میں رنس ٹائم اور اسپن ٹائم بھی سیٹ کردیں۔ اور مشین اسٹارٹ کردیں۔ لیجئے ایک ہی دفعہ سرف ڈال آپ نے ڈھیروں کپڑے دھو ڈالے۔ یقیناً یہ آسان طریقہ آپ کو بہت پسند آیا ہوگا۔ اس سے آپ کے سرف کی بھی بچت ہو گی اور کپڑے بھی صاف دھلیں گے۔

پرانے کپڑوں کو کلف لگا کر نیا بنائیں:

عید قرباں پر اکثر یہ ہوتا ہے کہ جانوروں کی خریداری میں لوگ نئے کپڑے نہیں بناتے خاص کر مرد حضرات تو پرانے کپڑوں سے ہی کام چلا لیتے ہیں، تو ان پرانے کپڑوں کو نیا بنانے کے لئے ہم ان کو فٹا فٹ کلف لگا کران میں جان ڈال دیں گے۔

کلف لگانے کا آسان طریقہ:

ایک پین میں ایک گلاس پانی لیں اس میں 2 کھانے کے چمچ کلف پاؤڈر ڈالیں اس کے بعد اس کو اچھی طرح مکس کر کے چھان لیں تاکہ کوئی لمس وغیرہ نہ رہ جائے۔ اب اس کو پکالیں جب ابال آجائے تو اس میں آدھا گلا س پانی اور ڈال دیں اور 5 منٹ اور پکائیں۔ اب چولہے سے اتار لیں اور ہلکا ٹھنڈا ہونے کے بعد اس کو اسپرے بوتل میں بھر لیں ۔ جس کپڑے میں کلف لگانا ہو اس پر اچھی طرح اسپرے کریں اور کپڑے کو فولڈ کر کے مسل لیں ، تاکہ کلف سب جگہ پہنچ جائے۔ اب اس پر ایک بار اور اسپرے کریں اور پھر استری کرلیں ، آپ کے کپڑوں میں بہترین کلف آجائے گا۔ اور وہ بالکل نئے جیسے ہوجائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US