شطرنج کھیلنے والے ایک روبوٹ نے ماسکو میں ایک ٹورنامنٹ کے دوران 7 سالہ حریف بچے کی انگلی توڑ دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ماسکو شطرنج فیڈریشن کے صدر نے روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹاس کو بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکے نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے روبوٹ سے چیس کا مقابلہ کیا۔ اسی دوران روبوٹ نے ایک سات سالہ بچے کی انگلی توڑ دی۔
منگل کو کھیلے جانے والے ماسکو شطرنج کے اوپن مقابلے کے واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر ہر طرف پھیل گئی۔
مقابلے کے دوران جب روبوٹ اپنی چال چلتے ہوئے ایک مہرہ اٹھا کر ساتھ ہی موجود ڈبے میں پھینکتا ہے۔
اس کے فوری بعد وہ بچہ بھی اپنی جوابی چال چلتے ہوئے اپنا مہرہ آگے بڑھاتا ہے تو روبوٹ اس بچے کی انگلی پر اپنا ہاتھ رکھ لیتا ہے اور وہ اپنا ہاتھ نکالنے سے قاصر ہوجاتا ہے، جس کے نتیجے میں بچے کی انگلی ٹوٹ گئی۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ روبوٹ کم از کم 15 سیکنڈ تک انگلی کو اپنی جگہ پر پکڑے ہوئے ہے۔ وہیں موجود 2 افراد فورا اس بچے کو بچانے آتے ہیں اور بچے کی انگلی نکلواتے ہیں۔
ماسکو شطرنج فیڈریشن کے صدر سرگئی لازاریف کا کہنا ہے کہ یہ یقیناً انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، یہ روبوٹ مقابلے کے لیے ادھار لیا گیا تھا۔