اسرائیلی فوج کے غزہ پر فضائی حملوں میں حماس رہنما سمیت مزید 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں حماس رہنما سمیت کم از کم 12 فلسطینی شہید جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سینئر رہنما کو شہید کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں محمد الحولی تھا، جو حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز میں کمانڈر تھا۔
حماس نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حملے اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا، بلکہ اسے کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ غزہ کے عوام کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کی جا سکے۔