دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بلند و بالا تعمیرات کے بعد اب بحری جہازوں میں بھی برتری حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، یہ بہت منافع بخش کاروبار کے ساتھ سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بھی ہے۔
ٹائی ٹینک سے پانچ گنا بڑا ونڈر آف دی سیز دنیا کا سب سے بڑا کروز جہاز ہے، ونڈر آف دی سیز رائل کیریبین انٹرنیشنل کی ملکیت ہے۔ یہ 2022 میں سینٹ نزائر، فرانس میں چینٹیرز ڈی ایل اٹلانٹک شپ یارڈ میں مکمل ہوا تھا ۔یہ کروز جہازوں کی رائل کیریبین کلاس میں پانچویں نمبر پر ہے۔
’’ونڈر آف دی سیز‘‘ کی تعمیر تین سال میں مکمل ہوئی، امریکی کمپنی رائل کیریبین نے ایک ہزار 188 فٹ لمبے بحری جہاز کو فرانس میں تیار کرایا اور ایک روایتی تقریب کے بعد رائل کیریبین نے دنیا کے سب سے بڑے کروز شپ کو باضابطہ طور پر اپنے فلیٹ میں شامل کیا۔ اس میں 6988 مہمانوں اور عملے کے 2300 ارکان کی گنجائش ہے۔
اس ایک ہزار 188 فٹ لمبے جہاز کا وزن تقریباً 2 لاکھ 37 ہزار ٹن ہے، ونڈر آف دی سیز کے پہلے سفر کا آغاز 4 مارچ کو فلوریڈا سے ہواجبکہ یہ جہاز اسپین اور اٹلی میں سیاحوں کو سمندر میں پرتعیش زندگی کا لطف فراہم کرے گا اور ابتدائی طور پر اس جہاز پر 5 سے 10 دن کی سیر کیلئے آپ کو 500 سے 12 سو ڈالر تک ادا کرنا ہونگے۔