اگر کوئی آپ سے کہے ارے آپ تو بالکل بھی اتنے بڑے نہیں لگتے آپ تو بہت چھوٹے لگتے ہیں تو آپ یقیناً خوش ہوجائیں گے۔ لیکن یہی جملہ اس شخص کے لئے وبالِ جان بن چکا ہے۔ ہم بات کررہے ہیں چین سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نوجوان ماؤ شینگ کی۔
یہ نوجوان اگرچہ 27 سال کا ہے لیکن چہرے، قد اور جسامت کی وجہ سے 10، 12 سال سے زیادہ کا نہیں لگتا۔ ماؤ شینگ کا کہنا ہے کہ وہ مختلف اداروں کے مالکان کو بتا بتا کر تھک چکا ہے کہ وہ کوئی بچہ نہیں بلکہ ایک آدمی ہے لیکن لوگ اس کے منہ پر کہہ دیتے ہیں کہ وہ اپنی غلط عمر بتا رہا ہے اور وہ اس کو نوکری دے کے چائلڈ لیبر کے الزام میں پھنسنا نہیں چاہتے۔
ماؤ شینگ زندگی کے کٹھن دور سے گزر رہا ہے اس کے والد کی طبعیت ٹھیک نہیں وہ ان کا علاج کروانا چاہتا ہے لیکن نہیں کرواسکتا کیوں کہ اسے کوئی نوکری ہی نہیں دیتا البتہ سوشل میڈیا پر اس کی دکھ بھری داستان سن کر لوگوں نے کمپنی مالکان کو خوب ہی سنائیں جس کے بعد بالآخر ماؤ شینگ کو ایک نوکری مل ہی گئی ہے۔