اللہ کا گھر دیکھنے کی آرزو مسلمانوں کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ کم از کم زندگی میں ایک مرتبہ تو اللہ کا گھر دیکھ لیں۔ سفری اخراجات دن بہ دن بڑھ رہے ہیں اور آج کل کے دور میں پرائیوٹ حج کرنا آسان نہیں ہے۔ لیکن کہا جاتا ہے جسے اللہ اپنے گھر کا دیدار کروانا چاہے وہ اسباب خود بخود پیدا کر دیتا ہے۔
دنیا بھر سے کئی لوگ سستی سواری یعنی بائیک پر بیٹھ کر اپنے ملکوں سے مکہ شریف جاتے ہیں تاکہ نہ صرف حج کی سعادت حاصل کرسکیں بلکہ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو سکیں۔ اس خواہش کی تکمیل کے لیے اب مری سے ایک نوجوان عزیز ہاشمی نکل پڑا ہے۔
عزیز کہتے ہیں کہ جب لوگ دنیا بھر کا سفر بائیک پر بیٹھ کر کرسکتے ہیں تو میں کیوں نہیں اور میری تو یہی آرزو ہے کہ زندگی میں ایک مرتبہ اللہ کا گھر دیکھ لوں پھر جب چاہے ابدی نیند سو جاؤں ۔۔ میں نے پہلے اپنی بائیک پر ٹرک آرٹ کروایا تاکہ جب میں مکہ کی سرزمین پر پہنچوں تو لوگوں کو پاکستانی ثقافت بھی نظر آئے اور وہ یہ دیکھیں کہ پاکستانی کتنے زندہ دل ہیں۔
عزیز پہلے تفتان بارڈر کے ذریعے ایران جائیں گے وہاں زیارتیں کریں گے اور پھر آگے کے سفر کی جانب روانہ ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنا چاہتا ہوں اور یقیناً 3 ماہ میں یہ سفر مکمل کرلوں گا یا اس سے قبل ہی پہنچ جاؤں گا ۔۔ اہلِ محلہ اور دوست احباب عزیز کے لیے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔