انسان کی قسمت کب چمک جائے کچھ پتہ نہیں چلتا۔ کسی کو سڑک پر پڑے ہوئے لاکھوں مل جاتے ہیں اور کبھی کسی کی لاٹری لگ جاتی ہے۔ جہاں تک مچھیروں کی بات ہے ان کی زندگی یا تو غربت میں گزر جاتی ہے یا پھر سمندر سے کوئی ایسی شے مل جاتی ہے جو انھیں راتوں رات امیر بنا دیتی ہے۔ ایسا ہی کل ٹھٹہ کے سمندر میں ہوا جہاں غریب مچھیرے کو نایاب سوا مچھلی مل گئی اور وہ راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔
کروڑوں میں بکنے والی مچھلی
سوا مچھلی پکڑنے والے ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ انھیں یقین ہی نہیں آرہا کہ اتنی قیمتی مچھلی ان کے جال میں پھنس گئی ہے جبکہ ترجمان کوسٹل میڈیا سینٹر کے مطابق یہ مچھلی بہت نایاب ہے اس وجہ سے اس کا پھنسنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ پکڑی جانے والی 591 سوا مچھلیاں 50 کروڑ روپے کی بولی میں نیلام کی گئیں۔
یہ مچھلی اتنی خاص کیوں ہے؟
بی بی سی کے آرٹیکل کے مطابق اس مچھلی کا سائنسی نام ارگائیروسومس جیپونیکس ہے اور اس کا وزن 30 سے 40 کلو ہوسکتا ہے۔ اس مچھلی کے مہنگے ہونے کی وجہ اس کا ایئر بلیڈر ہوتا ہے جسے مقامی زبان میں “پوٹا “ کہا جاتا ہے۔ پوٹے کو چینی کھانوں میں خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے اس کے علاوہ چین میں اس کو سکھا کر گھر میں ایسے ہی رکھا جاتا ہے جیسے ہمارے ہاں سونے کے زیورات۔