کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں وزیر اعظم پاکستان کو آخری بار سمجھا رہا ہوں، کراچی آئیں، لوگوں کو یقین دلائیں، جو کچھ گزشتہ 70 سالوں سے ہو رہا ہے اس بار نہیں ہو گا۔
انہوں نے جنرل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری اوردرست حلقہ بندیوں کے بغیر ہمیں انتخابات قبول نہیں ہیں، وقت سے پہلے ہونے والی مردم شماری آپ کی جدوجہد اور استقامت کا سفر ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مردم شماری کا اہم ترین مرحلہ چل رہا ہے، آپ نے ذمہ داری کے ساتھ اپنی قوم کو گنوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں پروجیکٹ عمران خان ناکام ہو گیا، ایسے پروجیکٹ تواتر کے ساتھ نہ صرف ناکام ہوتے ہیں بلکہ آنکھیں بھی دکھاتے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا تمہیں پتا نہیں تھا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں کے 200 بیٹے لاپتہ ہیں، جب تک ہر پاکستانی کو برابرکا حقدارنہیں سمجھا جائے گا پاکستان مستحکم نہیں ہو گا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 12 مارچ کو کارکنان کا ایک بڑا جنرل ورکرزکنونشن کیا جائے گا۔
مردم شماری و حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن کرائے جائیں، آفتاب شیر پاؤ
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مردم شماری اور سیلاب متاثرین کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔