پاکستان میں حج درخواست گزاروں کے لیے نئی ہدایات جاری

image

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کامیاب حج درخواست گزاروں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے بدھ کو جاری ہدایات میں درخواست گزاروں سے فوری طور پر بائیو میٹرک کرانے کا کہا ہے۔

وزارت کے مطابق کامیاب درخواست گزار 20 اپریل تک بائیومیٹرک کروا لیں۔

حج کے لیے بائیو میٹرک سعودی حکومت کی موبائل ایپ ’تاثیر‘ پر کروانا ہوگا۔

وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی بائیو میٹرک موبائل ایپ ’تاثیر‘ کی دستاویز بھی جاری کی ہیں۔

دستاویز میں بائیو میٹرک کے متعلق تکنیکی ہدایات خاکوں کی صورت میں درج ہیں۔ یہ ہدایات صارفین کی سہولت کے لیے انگریزی اور اردو دونوں زبان میں درج ہیں۔

خیال رہے کہ گزشہ ماہ مارچ میں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دی تھی۔ رواں سال پاکستان سے مکمل کوٹہ کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس کا سفر کریں گے۔ 

وزارت مذہبی امور کے حکام نے کابینہ کو بتایا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے سالانہ حج معاہدے کے مطابق پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 نشستوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

تازہ ترین حج پالیسی کے تحت یہ کوٹہ سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیموں کے درمیان یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں (سرکاری اور پرائیویٹ) سکیموں کے تحت سپانسر شپ سکیم کے لیے 50 فیصد کا کوٹہ مختص کیا جائے گا۔

درخواست دہندگان کے پاس 26 دسمبر 2023 تک کی میعاد کے ساتھ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ہونا ضروری ہے اور ان کا ایک باضابطہ بینک اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔

سرکاری کوٹہ کے تحت تقریباً 3 فیصد نشستیں ہارڈ شپ کیسز کے لیے اور 300 نشستیں ’ای او بی آئی‘ اور ’ورکرز ویلفیئر فنڈ‘ میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے عملے اور کم تنخواہ والے ملازمین کے لیے مختص ہوں گی۔ حج آپریٹرز کو وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس فراہم کرنے والے معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US