یمن میں امن، پاکستان کا سعودی عرب کی ’بروقت‘ کوششوں کا خیرمقدم

image

پاکستان نے سعودی عرب کی یمن میں امن کے لیے ’بر وقت‘ سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے بحران کے سیاسی حل کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

منگل کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ ’یمن کے بحران کے پُرامن حل کے لیے سعودی کوششیں بروقت ہیں۔ ان سے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا۔‘

عرب نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں دونوں متحارب فریق امن مذاکرات میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے یمن کے بحران کے سیاسی حل کی اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔‘

دفتر خارجہ کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب یمن میں قانونی حیثیت کی بحالی کے لیے اتحاد اور ملک کی ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے درمیان گذشتہ ہفتے قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔

یمن کی حکومت اور حوثیوں نے گذشتہ ماہ سوئٹزرلینڈ میں رمضان المبارک کے دوران 900 قیدیوں کا تبادلہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

یاد رہے کہ یمن میں قیدیوں کا تبادلہ اُس وقت ممکن ہوا جب سعودی عرب نے حوثیوں اور یمنی حکومت کے درمیان امن تصفیے میں ثالثی کرنے اور آٹھ سال سے زائد عرصے سے جاری لڑائی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US