وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، رابطے، توانائی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ تاجکستان کی وزیر ثقافت مطلوبہ خان سہتوریان امان زادہ نے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی کے تناظر میں پاکستان کے دورے پر تاجک وزیر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کا مشترکہ ورثہ عوام کے درمیان رابطوں اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی شاندار روایات، فنون اور ورثے کے فروغ کے لیے تاریخی اقدام کے طور پر اس ہفتے اسلام آباد میں جاری پاکستان تاجکستان ثقافتی ہفتہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں گے اور پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہو گی۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تاجکستان کے ساتھ تجارت، رابطے، توانائی اور ثقافت سمیت کثیر الجہتی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صدر امام علی رحمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اگلے سال پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
تاجک وزیر ثقافت نے وزیراعظم کو صدر امام علی رحمان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ تاجک وزیر نے پاکستان کی مہمان نوازی اور ثقافتی سفارت کاری کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے مشترکہ ثقافتی پروگراموں بشمول فنکاروں کے دورے، تہواروں اور نمائشیں بڑھانے میں تاجکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں طے پایا تھا کہ پاکستان میں تاجکستان کا ثقافتی ہفتہ منایا جائے گا، اسی تناظر میں تاجکستان کی وزیر ثقافت پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔