ہر ماں کی خواہش ہوتی ہے کہ بڑھاپے میں اولاد اس کی خدمت کرے اور یہ خواہش بے جا نہیں۔ آخر جنم دینے سے جوان کرنے تک ایسی کون سی اذیت ہے جو مائیں اپنے بچوں کے لئے نہیں جھیلتیں۔ ماں کے قدموں تلے پروردگار نے جنت یوں ہی نہیں رکھی۔ لیکن کچھ بدنصیب اولادیں اپنی جنت کو خود ہی آگ لگا لیتی ہیں۔
ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے پشاور کے علاقے سیٹھی ٹاؤن میں جہاں ایک بوڑھی عورت بیٹوں کے ظلم سے پریشان ہو کر پولیس اسٹیشن پہنچ گئی۔ بزرگ خاتون نے ہاتھ میں ایک پلے کارڈ بھی اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا کہ
"مجھے جینے کا حق چاہیے۔ مجھے میرے ظالم بیٹوں کگ تشدد اور مار پیٹ سے پولیس حکام نجات دلائیں"
بزرگ خاتون کا نام رضیہ بی بی ہے اور انھوں نے شکایت کی کے بیٹے ان سے پیسے مانگتے ہیں اور نہ دینے پر گالم گلوچ کے علاوہ تشدد بھی کرتے ہیں۔ یہ دل دہلا دینے والی افسوسناک حقیقت سن کر پولیس والے بھی لرز اٹھے اور خاتون کے بیٹوں کو بلا کر سختی سے باز پرس کی اور کہا ہے کہ دوبارہ شکایت کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔