آزاد کشمیر میں پارٹی کارکن کی ہلاکت پر بلاول کا اظہار افسوس، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال میں ایک پارٹی کارکن کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ فائرنگ ن لیگ کے امیدوار کی جانب سے کی گئی، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جان کی بازی ہار گئے۔

انہوں نے کہا کہ نکیال میں ان کی جماعت کا ایک متحرک کارکن انتخابی مہم کے دوران جان سے گیا، جبکہ متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن کی جانب سے مؤثر کارروائی نظر نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دو روز قبل بھی مبینہ فائرنگ کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، اگر اس وقت نوٹس لیا جاتا تو آج یہ افسوسناک واقعہ پیش نہ آتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کے مخالفین انتخابی شکست کے خوف سے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US