آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات: 13 حلقوں میں ووٹنگ جاری

image

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں انتخابات ہو رہے ہیں، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

ووٹنگ کے لیے میرپور ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں میرپور کے 4 حلقوں میں 597، کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے خبردار کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں، جبکہ امن و امان خراب کرنے یا انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US