وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے متنازع اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
اپنے ردعمل میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے ایسے بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی بیان بازی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہے جو نہ تو مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل کر سکتی ہے اور نہ ہی خطے میں امن، استحکام یا بامعنی مذاکرات میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حتمی فیصلہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا باقی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت خود خطے میں دہشت گردی اور عدم استحکام کا بڑا ذمہ دار ہے جبکہ اس کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسیوں نے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ وزیرِ دفاع نے کہا کہ بھارتی قیادت کی اشتعال انگیز بیان بازی دراصل ملک کے اندرونی مسائل اور عوامی بے چینی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔