6 لاکھ روپے اور اس کے علاوہ ۔۔ قومی کرکٹر کتنا پیسہ کماتے ہیں؟ عبد الرزاق نے کھلاڑیوں کو ملنے والے معاوضے سے متعلق چونکا دینے والا انکشاف کردیا

image

حال ہی میں پاکستانی قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کرتے ہوئے کچھ انکشافات بھی کئے جن میں کھلاڑیوں کا معاوضہ بھی شامل ہے۔

معروف یوٹیوبر نے سابق کرکٹر سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے سوال کیا کہ، آپ نے لیگز سے زیادہ پیسے کمائے یا قومی کرکٹ سے؟

جس پر جواب دیتے ہوئے عبدالرزاق نے بتایا کہ، میں نے 1996 میں زمبابوے کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اس وقت ہمیں 10 ہزار ایک میچ کا معاوضہ ملا کرتا تھا۔ بعدازاں اس میں اضافہ ہوا اور سنہ 2000 میں ڈھائی لاکھ روپے ملنے لگے، جبکہ بھارت میں اس وقت فرسٹ کلاس کرکٹ کے لیے رقم بہت زیادہ تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ، ہماری تمام کمائی قومی کرکٹ ٹیم کی مد میں ہوتی تھی۔ 2001 سے قبل کوئی سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ہوا کرتا تھا، اس وقت ہم اچھی اوسط کے ساتھ کھیلتے تھے، سال میں تقریباً 35 ایک روزہ اور 10 ٹیسٹ میچ کھیلا کرتے تھے۔

یوٹیوبر نے ایک اور سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ، اب کھلاڑیوں کا معاوضہ کتنا ہو گیا ہوگا؟

شو کے میزبان کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ، میں نے 2013 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اس وقت تک ایک روزہ میچ کے لیے ساڑھے 5 یا 6 لاکھ اور ٹیسٹ میچز کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا اضافہ ہو گیا تھا، جو کہ اب اس سے دُگنا یا تگنا ہوچکا ہوگا۔

کرکٹر کے مطابق، اس وقت ان کے پاس اچھے اسپانسرز اور اشتہارات بھی ہوا کرتے تھے جس سے اچھی آمدن ہوجایا کرتی تھی۔

واضح رہے عبدالرزاق نے 265 ون ڈے اور 46 انٹرنیشل ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، ساتھ ہی وہ لیگز میچز اور کاؤنٹی وغیرہ بھی کھیلا کرتے تھے۔ تاہم اب وہ کوچنگ سے منسلک ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US