پرائیوٹ آرمی کے سربراہ وگینی پریگوزین روس پہنچ گئے، بیلا روسی صدر کا دعویٰ

image

منسک: بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے دعویٰ کیا ہے کہ پرائیوٹ روسی آرمی کے سربراہ وگینی پریگوزین دوبارہ واپس روس چلے گئے ہیں۔ انہوں نے بیلا روس چھوڑ دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق گوکہ بیلا روس کے صدر کی جانب سے کیے جانے والے دعوے کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے لیکن انہوں نے یہ اعلان میڈیا سے گفتگو میں کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وگینی پریگوزین کے فوجی اپنے فیلڈ کیمپوں میں مقیم ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیلا روسی صدر کی جانب سے کیے جانے والے دعوے نے ایک مرتبہ پھر نہ صرف گزشتہ دنوں ہونے والے معاہدے کی بابت نئے سوالات اٹھا دیے ہیں بلکہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے لیے پیدا ہونے والے نئے چیلنجز پر بھی غور و فکر کی دعوت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بیلا روس کے صدر نے مداخلت کر کے روس میں جنم لینے والی بغاوت کا خاتمہ کرایا تھا جس میں طے کیا گیا تھا کہ وگینی پریگوزین اب بیلا روس میں ہی قیام کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق کریملن نے یوگینی پریگوزن کے ٹھکانے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے لیکن روسی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ انہیں حال ہی میں سینٹ پیٹرزبرگ میں ان کے دفاتر میں دیکھا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US