سیما حیدر کی ’واپسی کا مطالبہ‘، سندھ میں ڈاکوؤں کا مندر پر حملہ

image

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں نے اقلیتی ہندو برادری کے مندر پر فائرنگ کی اور راکٹ لانچر سے حملہ کیا اور اس کے بعد موقعے سے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر انڈین شخص سے شادی کرنے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر کو واپس نہ لایا گیا تو وہ مندر پر حملہ کریں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ واقعہ رات گئے گاؤں دھنی بخش اوگاہی میں پیش آیا۔ ڈاکوؤں نے باگڑی اقیلتی برادری کے مندر پر اندھا دھند فائرنگ کی اور مارٹر گولہ بھی فائر کیا گیا۔‘

’ڈاکووں نے مندر پر راکٹ لانچر بھی فائر کیا، تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن مندر کی دیواروں کو نقصان پہنچا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور پانچ مسلح افراد کا پیچھا کیا مگر وہ فرار ہو گئے۔ پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔‘

یہ مندر ڈیرہ صاحب کے نام سے مشہور ہے اور ہندو اقلیتی برادری نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ کے کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں کی جانب سے پاکستانی لڑکی سیما حیدر کے انڈیا سے واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغامات شیئر کیے گئے تھے، جن میں کہا گیا تھا کہ بلوچ قبیلے سے تعلق رکھنی والی لڑکی کو اگر انڈیا سے پاکستان واپس نہ بھیجا گیا تو پاکستان میں رہنے والے ہندوؤں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

مختلف بیانات سوشل میڈیا پر آنے کے بعد پولیس کی جانب سے ہندو برادری کے اکثریتی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کرنے کے دعوے کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ سندھ کے کچے کے قریب کے علاقوں میں ہندو برادری کے مندر اور دیگر مذہبی مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی تھی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US