ملک کے مختلف حصوں اور بیشتر شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن شہر قائد میں بادل اب تک کھل کر نہیں برسے ہیں۔۔ مگر مایوس ہونے کی بات نہیں محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خوشخبری سنادی ہے۔
کل دیر رات اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد وہاں کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ جبکہ محکمہ کراچی میں کل سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کل سے ہفتے کے روز تک کراچی، حیدرآباد، سانگھڑ، بدین اور ٹھٹھہ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق، بروز بدھ یعنی آج سے اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
سندھ کے دیگر شہروں کی بات کریں تو بتایا جارہا ہے کہ میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، تھر پارکر، خیرپور اور گردو نواح میں بھی آج کل میں بارش ہوسکتی ہے۔