2016 میں 16 سال کی عمر میں ایک نوجوان چائے والا سوشل میڈیا پر آتے ہی راتوں رات چھا گیا تھا۔۔ جی ہاں یہ اور کوئی نہیں بلکہ ہم بات کر رہے ہیں 'ارشد خان' عرف 'چائے والا' کی۔
ایک نوجوان فوٹوگرافر جویریہ، نے ارشد کی تصویر لے کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی، جس میں وہ کسی گراہک کیلیئے کپ میں چائے نکال رہے تھے۔ اس تصویر میں ارشد کا معصوم مگر پرکشش چہرہ اور نیلی آنکھیں، دیکھنے والوں کو بہا گئیں اور وہ راتوں رات وائرل ہوگئے۔
ارشد خان نے سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے کے بعد شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ایک میوزک البم میں بھی کام کیا لیکن پھر اچانک منظر سے غائب ہوگئے۔
مگر اب وہ واپس آگئے ہیں ایک بڑی خبر کے ساتھ، ارشد نے پچھلے دنوں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیر کرتے ہوئے لندن میں اپنے نئے کیفے کے افتتاح کا اعلان کیا۔
رشد خان نے 'چائے والا' کے نام سے لندن کی مشہور شاہراہ پر 229 الفرڈ لین میں کیفے کھولا ہے، جہاں پاکستانی، بھارتی اور بنگلا دیشی بڑی تعداد میں آباد ہیں۔
لندن میں کھولے گئے کیفے میں پاکستان کے روایتی اور ثقافتی رنگ دیکھے جاسکتے ہیں، جس میں ٹرک آرٹ سب سے زیادہ نمایاں ہے۔
واضح رہے کہ ارشد خان نے 2020ء میں اسلام آباد میں 'چائے والا: روف ٹاپ کیفے' کے نام سے ایک کیفے کھولا تھا جس کی ایک برانچ بالاکوٹ میں بھی ہے۔