’12 اگست تک نگراں وزیراعظم کا تقرر کریں‘، صدر کا وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو خط

image

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو 12 اگست تک نگراں وزیراعظم کا تقرر کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

جمعے کو صدر مملکت کی جانب سے تحریر کیے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت صدر وزیراعظم اور قائدِ حزبِ اختلاف کے مشورے سے  نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کرتے ہیں۔

خط کے مطابق ’آئین کے تحت وزیرِ اعظم اور قائدِ حزب اختلاف کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے تین دن کے اندر نگراں وزیراعظم کا نام تجویز کرنا ہوتا ہے۔‘

صدرِ مملکت نے خط میں لکھا ہے کہ ’میں نے وزیراعظم کی ایڈوائس منظور کی۔ نو اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کر دی۔ وزیراعظم اور قائدِ حزبِ اختلاف 12 اگست تک موزوں نگراں وزیراعظم کا نام تجویز کریں۔‘

پاکستان میں ان دنوں سب کی نظریں نگراں وزیراعظم کے تقرر کی طرف جُڑی ہیں۔ گذشتہ کئی دنوں سے اتنے نام سامنے آئے ہیں کہ گماں ہوتا ہے کہ ملک کے فیصلہ ساز کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نو اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کیے تھے جس کے بعد آئین کے تحت 90 روز میں عام انتخابات منعقد ہونا ہیں۔

آئین کے تحت اگرچہ ملکی تاریخ کی پندرہویں قومی اسمبلی کی مدت 12 اور 13 اگست کی درمیانی رات 12 بجے مکمل ہونا تھی تاہم نئے انتخابات 60 کے بجائے 90 دن میں کرانے کے لیے اسمبلی کو مدت مکمل ہونے سے تین دن پہلے تحلیل کیا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US