نگراں وزیراعظم کا تقرر، صدر خط لکھنے سے قبل آئین پڑھیں: شہباز شریف

image

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے تقرر کے حوالے سے لکھے گئے خط کے ردعمل میں کہا ہے کہ صدر مملکت کو چاہیے کہ وہ پہلے آئین پڑھ لیں۔  

جمعے کو اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ الوداعی ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’آئین نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے آٹھ دن کا وقت دیتا ہے۔‘

’وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف مشاورت کرکے تین تین نام فائنل کرتے ہیں اور اگر وہ کامیاب نہ ہوں تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جاتا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی اگر تین میں فیصلہ نہ کر سکے تو پھر الیکشن کمیشن کے پاس حتمی فیصلہ کرنے کے لیے دو دن ہوتے ہیں۔‘  

شہباز شریف نے مزید کہا کہ میری جمعرات کو اپوزیشن لیڈر سے ملاقات ہوئی تھی۔ آج میں نے حکومتی اتحادیوں کو مشاورت کے لیے بلایا ہے۔ اس کے بعد آج یا سنیچر کو قائد حزب اختلاف سے ملاقات ہوگی اور امید ہے کہ اس ملاقات میں ہم نام فائنل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘  

ملاقات کے آغاز پر جب صحافیوں نے وزیراعظم سے نئی تازہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ وہ تو آپ کے پاس ہوتی ہے۔ ایک صحافی نے کہا کہ آپ راجا ریاض کا وقت ضائع کر رہے ہیں جس پر وزیراعظم نے خوب قہقہہ لگایا۔  

خیال رہے کہ جمعے کو صدر مملکت نے وزیراعظم شہبار شریف اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی کے قائدِ حزبِ اختلاف راجا ریاض احمد کو خط لکھا ہے جس میں ان سے 12 اگست تک نگراں وزیراعظم کا نام دینے کے لیے کہا گیا ہے۔ 

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 ون اے کے تحت صدر مملکت، وزیراعظم اور قائد ِحزب ِاختلاف کے مشورے سے نگراں وزیرِاعظم کی تعیناتی کرتے ہیں۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے چار سال میں جو کچھ کیا اس کا خمیازہ ملک نے بھگتا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم نے اپنی حکومت کی 16 ماہ کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری زندگی کے مشکل ترین مہینے تھے۔‘

’اس سے زیادہ چیلنجز میں نے کبھی نہیں دیکھے۔ ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ سول و عسکری قیادت کی محنت سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہوا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یکم اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا کیونکہ عالمی مارکیٹ میں بھی اضافہ ہوا۔ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جو ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے۔‘  

عمران خان کی سزا کے حوالے سے وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ ’ہمیں اس کی کوئی خوشی نہیں ہے۔ عمران خان نے چار سال میں جو کچھ کیا اس کا خمیازہ ملک نے بھگتا ہے۔‘ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US