پاکستان میں 18 رکنی نگراں وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھا لیا

image

پاکستان میں 18 رکنی نگران وفاقی کابینہ کے ارکان نے حلف اُٹھا لیا ہے۔

جمعرات کی شام ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر عارف علوی نے نگران وفاقی وزرا سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم انوار الحق بھی موجود تھے۔

نگراں کابینہ میں جلیل عباس جیلانی وزیر خارجہ ہوں گے۔ وہ پاکستان کی فارن سروس میں طویل عرصہ خدمات دیتے رہے۔ جلیل عباس جیلانی سیکریٹری خارجہ اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔

 سرفراز بگٹی وزیر داخلہ ہوں گے۔ وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر ہیں جبکہ صوبائی وزیر داخلہ بھی رہے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی کو اطلاعات کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ وہ مختلف ٹی وی چینلز کے ساتھ بطور تجزیہ کار وابستہ رہے جبکہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر شمشاد اختر وزیر خزانہ ہوں گی۔ وہ سٹیٹ بینک کی گورنر رہ چکی ہیں جبکہ سنہ 2018 کی نگران وفاقی کابینہ میں بھی شامل تھیں۔ 

احمد عرفان نگراں وزیر قانون جبکہ انیق احمد وزیر مذہبی امور ہوں گے۔

نگراں وزرا میں شاہد اشرف تارڑ بھی شامل ہیں۔ اُن کو وزارت مواصلات کا قلم دان دیا گیا ہے۔

انور علی حیدر، عمر سیف، جمال شاہ، گوہر اعجاز، ڈاکٹر ندیم جان اور محمد سمیع بھی وفاقی وزرا میں شامل ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US