انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیاں، چار ماہ کا وقت درکار ہو گا: الیکشن کمیشن

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں کے لیے صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے معاونت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیے چار ماہ کا وقت درکار ہو گا۔

جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023  کے سرکاری اشاعت  شدہ نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں شیڈول کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

بیان کے مطابق صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے معاونت طلب کی گئی ہے اور اس سلسلے میں ضروری احکامات  جاری کر دیے گئے ہیں۔

حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت رواں سال دسمبر کی 14 تاریخ کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے حلقہ بندیوں کے حوالے سے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اگلے عام انتخابات کا انعقاد 90 روز میں ممکن نہیں ہو گا۔

پاکستان کے آئین کے مطابق قبل از وقت اسمبلیاں تحلیل کیے جانے کی صورت میں انتخابات کا انعقاد 90 دن میں کیا جاتا ہے اور الیکشن کمیشن اس کا شیڈول جاری کرتا ہے۔

قومی اسمبلی کو مدت مکمل ہونے سے تین دن قبل تحلیل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے آئینی تقاضے پر اگلے عام انتخابات کا انعقاد 90 روز میں کیا جانا ہے۔ اگر اسمبلیاں مدت پوری کرتی ہیں تو عام انتخابات کا انعقاد 60 روز کے اندر کیا جاتا ہے۔

ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 90 روز میں یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے نئی مردم شماری کرانے کی منظوری کے فیصلے کو معطل کر کے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کا انعقاد 90 دن کے اندر کرانے کی ہدایت کرے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US