آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔ اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔
جمعرات کو آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس اور ذات برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘آرمی چیف نے قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جو ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی میں زیادہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آرمی چیف نے انارکی پھیلانے اورعوام میں عدم برداشت پیدا کرنے کے لیے کی جانے والی دشمن قوتوں کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’نوجوانوں کے لیے ضروری ہے وہ سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں۔‘آخر میں آرمی چیف نے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو سراہا۔