’سینکڑوں ٹن سامان خراب‘، 9 دن بعد طورخم بارڈر کو کھول دیا گیا

image

افغانستان اور پاکستان کے درمیان طورخم سرحد کو جمعے کی صبح پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک اعلٰی سرکاری عہدیدار نے سرحدی گزرگاہ کھولے جانے کی تصدیق کی۔

دونوں ملکوں کے سرحدی محافظوں کے مابین فائرنگ کے بعد یہ گزرگاہ ایک ہفتے سے زائد وقت بند رہی۔

پاکستان کے ضلع خیبر کے اسسٹنٹ کمشنر ارشاد خان محمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ٹرکوں کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے اور افغان شہری کلیئرنس اور امیگریشن کے عمل سے گزرنے کے بعد افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔‘

اسلام آباد اور کابل کے درمیان تعلقات چھ ستمبر سے سفارتی طو پر تعطل کا شکار رہے جب سرحدی محافظوں نے بارڈر پر فائرنگ کی تھی۔

طورخم بارڈر کراسنگ دونوں ملکوں کے درمیان ایک بڑی گزرگاہ ہے جس کے قریب ایک افغان چوکی کی تعمیر تنازعے کا باعث بنی۔

یہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور شہریوں کی آمد ورفت کے لیے مصروف ترین گزرگاہ ہے۔ یہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دو ہزار 600 کلومیٹر مشکل اور دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں سے ایک درے میں گزرتی ہے۔

دونوں طرف کے تاجروں نے شکایت کی کہ سرحد کی بندش کی وجہ سے ہزاروں ٹن سامان خراب ہو کر ضائع ہو گیا جبکہ سینکڑوں افغان شہریوں کے مطابق ان کی پاکستان کے راستے بیرون ملک جانے والی فلائٹس چھوٹ گئیں جبکہ متعدد نے مختلف ہسپتالوں میں طبی معائنے کے لیے وقت لیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US