فلائی دبئی کی کابل میں لینڈنگ، دو سال بعد پہلی بین الاقوامی ایئرلائن کی آمد

image

متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن فلائی دبئی کی پہلی پرواز دو سال بعد بدھ کو کابل ایئرپورٹ پر اتری ہے، اس طرح فلائی دبئی افغانستان سے امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد اپنی سروس بحال کرنے والی پہلی بین الاقوامی ایئرلائن بن گئی ہے۔ 

مقامی ویب سائٹ طلوع کے مطابق اکتوبر میں دو برس کی معطلی کے بعد ایئرلائن کی جانب سے کابل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

طالبان کے نائب چیف منسٹر کی جانب سے ایک بیان میں اقدام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلائی دبئی کی پروازوں کی بحالی کو ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھا اور سراہا جاتا ہے۔

اگست 2021 میں سابق حکومت کے خاتمے کے بعد بین الاقوامی ایئرلائنز نے افغانستان کے لیے اپنی پروازوں کا سلسلہ بند کر دیا تھا۔

افغان میڈیا گروپ آمو کے مطابق اس وقت دو مقامی ایئرلائنز اریانہ اور کام ایئر ملک میں کام کر رہی ہیں تاہم ان کے بارے میں مسافروں کی جانب سے بہت زیادہ شکایات سامنے آتی رہی ہیں جن میں دبئی اور کابل کے درمیان ٹکٹ کی رقم میں بہت زیادہ اضافہ بھی شامل ہے۔

آن لائن ذرائع کے مطابق کابل سے دبئی کے درمیان اکانومی کلاس ٹکٹ کی قیمت تقریباً 450 ڈالر ہے جو کہ دو سال قبل کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

اسی طرح کابل اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کے ٹکٹس بھی بہت مہنگے ہوئے ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts