انڈیا میں 350 روپے کے لیے قتل، نوجوان لاش کے پاس کھڑا رقص کرتا رہا

image

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک 16 برس کے لڑکے نے ایک نوجوان کو قتل کردیا جس کے بعد سی سی ٹی وی ویڈیو میں اُسے لاش کے پاس رقص کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 16 برس کے لڑکے نے ایک 18 سالہ نوجوان پر متعدد بار چاقو سے حملہ کیا اور مبینہ طور پر اُس کی جیب سے 350 روپے لے کر فرار ہوگیا۔

نئی دہلی کی پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے شمال مشرقی علاقے میں پیش آیا۔

علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قاتل نے مقتول پر متعدد بار چاقو سے حملہ کیا اور اس کی لاش پر چڑھ کر رقص کرتا رہا۔

پولیس نے قتل کی وجہ ڈکیتی بتائی ہے۔ قاتل نے پہلے مقتول کا گلا دبایا اور جب وہ بے ہوش ہوگیا تو اُس پر چاقو سے وار کیا۔

سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ قاتل اور مقتول ایک دوسرے سے واقف نہیں تھے۔ ویڈیو میں قاتل کو مقتول کی لاش ایک گلی میں گھسیٹے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

نئی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس جوئے ترکے نے میڈیا کو بتایا کہ ’منگل کی رات 11 بجے کے قریب پولیس کو ایک فون کال موصول ہوئی کہ ایک 18 سالہ لڑکے کو ایک کم عمر لڑکے نے جنتا مزدور کالونی میں قتل کر دیا ہے۔‘

پولیس نے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے اور 350 روپے بھی برآمد کرلیے ہیں جبکہ مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

ملزم 2022 میں بھی ایک قتل کے مقدمے میں نامزد ہوا تھا اور وہ واقعہ بھی ڈکیتی پر مزاحمت پر پیش آیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts