آلات میں خرابی، انڈیا میں سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کا آپریشن تعطل کا شکار

image

انڈین ریاست اتراکھنڈ میں ایک سرنگ میں دو ہفتوں سے پھنسے 41 مزدوروں کو نکالنے کا عمل ڈرلنگ کے آلات میں خرابی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک اہلکار نے کہا ہے کہ کارکنوں تک پہنچنے کی کوششیں جلد ہی دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

یہ مزدور ریاست اتراکھنڈ میں 4.5 کلومیٹر (3 میل) لمبی سرنگ میں 12 نومبر کے اوائل سے پھنسے ہوئے ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور ان تک خوراک، پانی اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں۔

پتھروں اور دھات کے ملبے سے ڈرل کرکے پائپ کے ذریعے انہیں باہر نکالنے کی کوششیں رکاوٹوں کی وجہ سے سست ہوگئی ہیں۔

ریسکیو آپریشن کی سربراہی کرنے والے دیپک پاٹیل نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کو امید تھی کہ جمعرات کو ڈرلنگ ختم ہو جائے گی، لیکن ڈرلنگ مشین کا پلیٹ فارم خراب ہونے کے بعد اسے معطل کرنا پڑا کیونکہ اسے مرمت کرنے کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ 60 میٹر (197 فٹ) ملبے کے ڈھیر کے آخری 10 میٹر (33 فٹ) کو کھودنا باقی ہے اور پلیٹ فارم کے تیار ہونے کے بعد کام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

منہدم ہونے والی سرنگ چار دھام یاترا کے راستے پر ہے، جو وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔

اس کا مقصد ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاگت سے 890 کلومیٹر (550 میل) دو لین سڑک کے ساتھ چار اہم ہندو یاتری مقامات کو جوڑنا ہے۔

حکومت نے کہا ہے کہ اس سرنگ کے گرنے کے بعد نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا زیرتعمیر مزید 29 سرنگوں کا سیفٹی آڈٹ کرے گی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts