چین میں چور ڈکیتی کے دوران سو گیا، خراٹوں کی آواز سے پکڑا گیا

image

آپ نے ڈکیتی کے بہت سے واقعات دیکھے ہوں گے جہاں چور پکڑا گیا ہو، مگر چین میں اپنی نوعیت کا ایک الگ واقعہ پیش آیا جہاں چور ڈکیتی کے دوران نیند آنے پر سو گیا اور پکڑا گیا۔  

ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک ڈاکو 8 نومبر کی رات جنوب مغربی چین کے صوبہ یونان میں ایک گھر میں داخل ہوا، لیکن اندر سے لوگوں کی آوازیں سن کر وہ گھبرا گیا۔ لہذا اس نے گھر کے مالکان کے سونے تک الگ کمرے میں انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ملزم نے انتظار کرنے کے دوران سگریٹ سلگایا اور پھر سو گیا۔ 

کچھ دیر بعد جب گھر کی مالکہ، جن کا نام تانگ بتایا جاتا ہے، سونے گئیں تو انہیں زوردار خراٹوں کی آواز نے جگا دیا، جسے انہوں نے ابتدائی طور پر یہ سمجھ کر نظر انداز کر دیا کہ یہ آواز کسی پڑوسی کے گھر سے آ رہی ہے۔ 

جب تانگ 40 منٹ بعد اپنے بچے کی دودھ کی بوتل دھونے کے لیے اپنے بیڈ روم سے نکلیں، تو انہوں نے سنا کہ خراٹوں کی آواز مزید بلند ہوگئی ہے جس پر انہیں احساس ہوا کہ یہ آواز ان کے اپنے گھر کے دوسرے کمرے سے آرہی ہے۔ 

جب انہوں  نے کمرے کا دروازہ کھولا تو وہ ایک انجان شخص کو فرش پر سوتے دیکھ کر حیران رہ گئیں۔ تانگ جلدی سے کمرے سے نکل گئیں، اپنے گھر والوں کو بتایا اور پولیس کو بلایا، جس کے بعد چور کو گرفتار کر لیا گیا۔ 

چور کا نام یانگ بتایا جاتا ہے اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ تھا۔ اسے 2022 میں چوری کے الزام میں پہلے بھی جیل بھیجا گیا تھا۔ ستمبر میں رہا ہونے کے بعد اس نے اپنا ’پرانا پیشہ‘ دوبارہ شروع کیا۔ پولیس کے مطابق یہ کیس ابھی زیر تفتیش ہے۔ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts