کیرالہ میں گلوکارہ نکیتا گاندھی کے کنسرٹ سے قبل بھگدڑ، چار طلبا ہلاک

image

انڈیا کی ریاست کیرالہ کی کوچن یونیورسٹی میں میوزک کنسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے چار طلبا کی موت واقع ہو گئی جبکہ کم از کم 60 دیگر زخمی ہو گئے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق گلوکارہ نکیتا گاندھی جن کے کنسرٹ سے قبل بھگدڑ مچ گئی تھی نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے سے دل شکستہ اور ٹوٹ کر رہ گئی ہیں۔

انہوں نے ایک انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ’آج شام کوچی میں جو کچھ ہوا اس سے دل ٹوٹ کر رہ گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس سے پہلے پیش آیا کہ جب میں نے پرفارمنس کے لیے پنڈال کے لیے روانہ ہونا تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس گہرے دکھ کا اظہار کرنے کے لیے ممکنہ طور پر الفاظ ناکافی ہیں۔ میری دعائیں طلبا کے اہل خانہ کے لیے ہیں۔‘

نکیتا گاندھی نے 'برج خلیفہ'، 'کافرانہ' اور 'ناجا' جیسے کئی ہٹ گانے دیے ہیں۔ انہوں نے سلمان خان کی آخری فلم 'ٹائیگر 3' میں بھی زیادہ تر گانے گائے۔

ریاستی حکام نے بتایا کہ بھگدڑ مچنے کا یہ واقعہ اس سے پہلے پیش آیا جب گلوکارہ کو کوچی کے قریب کوچن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی  کے اوپن ایئر آڈیٹوریم میں سٹیج پر آنا تھا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ صرف ٹکٹ والے افراد کو آڈیٹوریم میں داخلے کی اجازت تھی لیکن جب بارش شروع ہوئی تو صورتحال اچانک تبدیل ہوئی اور باہر انتظار کرنے والے لوگ پناہ لینے کے لیے اندر گھس گئے، دھکم پیل ہوئی اور بھگدڑ میں کچھ طلبہ پھسل کر گر گئے۔

پولیس افسر اجیت کمار نے میڈیا کو بتایا کہ ’یہ ایک سالانہ تہوار تھا، اور اس کے بروشر سے ہمیں معلوم تھا کہ یہ 24 نومبر سے 26 نومبر تک منعقد کیا گیا۔ موسیقی کی تقریب کا انعقاد ایک آڈیٹوریم میں کیا گیا تھا جس میں 1,000 سے 1,500 افراد کی گنجائش تھی۔ یہ جزوی طور پر بھرا ہوا تھا لیکن جب اچانک بارش ہوئی تو طلبا سیڑھیوں سے بھاگے جس سے یہ سانحہ پیش آیا۔‘

ریاستی وزیر صحت وینا جارج کے مطابق دو لڑکوں اور دو لڑکیوں سمیت چار طالب علموں کی موت ہو گئی جبکہ 60 سے زیادہ دیگر کالاماسری میڈیکل کالج ہسپتال اور آس پاس کے ہسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔

وینا جارج نے کہا کہ مزید چار طالب علموں کی حالت تشویشناک ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts