سالگرہ کے لیے دبئی لے جانے سے انکار پر بیوی نے مکا مار کر شوہر کو قتل کر دیا

image

انڈیا کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بیوی نے سالگرہ کی تقریب کے لیے دبئی نہ لے کر جانے پر شوہر کو مکا دے مارا جس سے شوہر چل بسے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سالگرہ کی تقریب کے لیے دبئی لے کر جانے کی فرمائش پوری نہ کرنے پر بیوی سے مبینہ طور پر چہرے پر مکا کھانے والے 38 برس کے شخص کی موت ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی دوپہر کو ونوادی کے علاقے میں پیش آیا اور فوت ہونے والے شخص کا نام نِکھل کھنا تھا جو کے پیشے کے لحاظ سے ریئل سٹیٹ ڈیویلپر کے طور پر کام کرتے تھے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ’5 نومبر کو جوڑے نے اپنی شادی کی سالگرہ منائی جس کے بعد بیوی کو اپنے شوہر کی جانب سے تحفہ ملنے کا انتظار تھا۔ اس کے علاوہ بیوی اس بات پر بھی ناراض تھی کہ اُسے شوہر نے نئی دہلی میں اپنے رشتہ داروں کی سالگرہ کی تقریب میں نہ جانے دیا۔‘

اس صورتحال کے بعد دونوں میاں بیوی میں جمعے کو تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا۔ اس دوران خاتون نے اپنے شوہر کے ناک پر زور سے مکا مار دیا جس کے باعث نِکھل کے ناک سے خون بہنے لگا اور وہ بے ہوش ہوگئے۔

اس واقعہ کی ہمسائیوں کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس نے موقعے پر پہنچ کر نِکھل کو ہسپتال پہنچایا جہاں اُن کی موت ہوگئی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد اس بات کا حتمی طور پر پتا چلے گا کہ آیا خاتون نے اپنے شوہر کے ناک پر مکا مارا ہے یا کوئی اور چیز ماری ہے۔

پولیس کے مطابق شوہر کو جان سے مارنے والی خاتون کو قتل کے جرم میں حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کیس میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts