انڈین وزیراعظم مودی ’ڈیسٹینیشن ویڈنگز‘ سے پریشان، ’کیا یہ واقعی ضروری ہے؟‘

image

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ انہیں ’بڑے خاندانوں‘ کو ملک سے باہر شادی کی تقریبات منعقد کرتے ہوئے دیکھ کر دُکھ ہوتا ہے کیونکہ اس سے ملک کی معیشت پر اثر پڑتا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ریڈیو پر اپنے پروگرام ’من کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’شادی کا سیزن چل رہا ہے اور کچھ تجارتی کمپنیوں کے مطابق اس دوران تقریباً پانچ ہزار ارب انڈین روپے کا بزنس ہوتا ہے۔ شاپنگ کے دوران آپ کو اُن ہی مصنوعات کو اہمیت دینی چاہیے جو انڈیا میں تیار کی گئی ہوں۔‘

اسی دوران انڈین وزیراعظم نے ’ڈیسٹینیشن ویڈنگز‘ (بیرون ملک شادیوں) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’جب شادی کی بات چل رہی ہے تو میں کہوں گا کہ ایک بات مجھے لمبے عرصے سے پریشان کر رہی ہے اور یہ بات میں آپ سے شیئر نہ کروں گا تو پھر کس سے کروں گا۔ ذرا سوچیے آج کل کچھ بڑے خاندان بیرون ملک جاتے ہیں اور شادیاں کرتے ہیں۔ کیا یہ واقعی ضروری ہے۔‘

وزیراعظم نریندر مودی کے مطابق لوگوں کو تمام شادیاں ملک کے اندر منعقد کرنی چاہییں ’اپنے لوگوں کے درمیان تاکہ ملک کا پیسہ ملک میں ہی رہے۔‘

انہوں نے مالدار خاندانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ممکن ہے کہ جو نظام انہیں چاہیے وہ یہاں موجود نہ ہو لیکن اگر وہ اپنی تقریبات یہاں منعقد کرنے لگتے ہیں تو عنقریب ملک کا نظام اُن لوگوں کو وہ سب دے گا جو انہیں ملک سے باہر ملتا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام کے دوران انڈیا میں تیار کردہ مصنوعات کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’اب ہمارے بچے بھی جب دُکانوں پر کچھ خریدنے جاتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ اُن مصنوعات پر میڈ اِن انڈیا لکھا ہے یہ نہیں۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts