یوکرین کے ملٹری انٹیلی جنس چیف کی بیوی کو مبینہ طور پر زہر دیا گیا، میڈیا رپورٹ

image

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے یوکرینی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کے ملٹری انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ کو مبینہ طور پر زہر دیا گیا ہے۔

ماریانا بڈانوا یوکرین کی ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی جی یو آر کے سربراہ کیریلو بڈانوف کی اہلیہ ہیں، جو 21 ماہ کی جنگ کے دوران روسی افواج کے خلاف خفیہ کارروائیوں میں نمایاں طور پر شامل رہے ہیں۔

یوکرین میں کیریلو بڈانوف کی عوامی پروفائل میں اضافہ ہوا ہے، اور انہیں روس پر جوابی حملے کرنے کے پیچھے ماسٹر مائنڈ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ تاہم روسی میڈیا انہیں نفرت کی نظر سے دیکھتا ہے۔

یوکرین کی ملٹری انٹیلی جنس اور ڈومیسٹک سکیورٹی سروسز سے روئٹرز نے موقف دینے کی درخواست کی جس کا جواب نہیں دیا گیا۔

رپورٹس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ مبینہ طور پر زہر دینے کے پیچھے کون تھا یا یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ کب ہوا تھا۔

ایک یوکرینی میڈیا آؤٹ لیٹ ’بابل‘ نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیا جس نے بتایا کہ بڈانووا ہسپتال میں زیرعلاج تھیں۔ پبلک براڈکاسٹر ’سسپلنے‘ اور آن لائن آؤٹ لیٹ ’یوکرینسکا پراوڈا‘ اور ’آر بی سی یوکرائنا‘ نے بھی بتایا کہ انہیں زہر دیا گیا تھا۔

یوکرینسکا پراودا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ طور پر ان کے کھانے میں زہر ملا تھا اور انٹیلی جنس ایجنسی جی یو آر کے کئی دیگر اہلکاروں کو بھی زہر دیا گیا تھا۔

روسی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ماسکو کی ایک عدالت نے اپریل میں بدانوف کو دہشت گردی کے الزام میں غیر حاضری میں گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

ماسکو اس سے قبل روس کی سرزمین پر جنگ کے حامی روسی بلاگر اور جنگ کے حامی صحافی کے قتل کے لیے یوکرین کی خفیہ ایجنسی کو ذمہ دار ٹھہرا چکا ہے۔ تاہم یوکرین نے ان ہلاکتوں میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

کیریلو بڈانوف نے پہلے کہا تھا کہ وہ ’یوکرین کی مکمل فتح تک روسیوں کو مارتے رہیں گے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts