نذیر ناجی: پیپلز پارٹی کے اخبار کے ایڈیٹر سے نواز شریف کے تقریر نویس تک

image
پاکستان کے ممتاز اخبار نویس اور کالم نگار نذیر ناجی 81 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سمیت ملک بھر سے سیاست دانوں اور صحافی برادری نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جب بھی پاکستان کی صحافتی تاریخ کا ذکر ہو گا تو نذیر ناجی کے ذکر کے بغیر یہ تاریخ ادھوری رہے گی۔

انہوں نے ملک کے تمام بڑے اخبارات بشمول نوائے وقت، جنگ اور روزنامہ دنیا میں کام کیا۔

وہ آخری وقت تک شعبہ صحافت سے منسلک رہے اور بطور گروپ ایڈیٹر روزنامہ دنیا فرائض سر انجام دیے۔

ان کے ہم عصر اور پاکستان کے نامور صحافی مجیب الرحمٰن شامی ان کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’نذیر ناجی صحافت کی دنیا کا ایک بہت بڑا نام تھے انہوں نے ورکنگ صحافی کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔‘

’70 کی دہائی میں انہوں نے ہفت روزہ شہاب جو کہ پیپلز پارٹی کا ہفت روزہ تھا اس میں بڑی جارحانہ صحافت کی۔ یہ وہ دور تھا جب مولانا کوثر نیازی جماعت اسلامی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں آ گئے تھے۔‘

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اس کے بعد نذیر ناجی پیپلزپارٹی  کے اخبار مساوات کے مدیر بھی رہے۔ ’لیکن وہ بھٹو کے کتنے قریب تھے میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ البتہ نوے کی دہائی میں جب نواز شریف کی سیاست عروج پر تھی تو وہ ان کے بہت قریب ہو گئے تھے۔‘

نذیر ناجی نے 27 سال روزنامہ جنگ میں گزارے اور سال 2012 میں وہ روزنامہ دنیا سے منسلک ہو گئے۔ (فوٹو: فیس بک)مجیب الرحمٰن شامی کہتے ہیں کہ ’ایک وقت آیا کہ ناجی صاحب کو نواز شریف کے تقریر نویس کا مقام حاصل ہو گیا۔ ان لفظوں سے پاکستان کی سیاست میں بھونچال آجاتا تھا۔ نواز شریف کی وہ مشہور زمانہ تقریر جس میں انہوں نے صدر غلام اسحاق خان کو للکارا تھا وہ تقریر نذیر ناجی کی ہی لکھی ہوئی تھی۔ وہ ایک سکہ بند صحافی اور مدیر تھے جو لفظوں کو اپنا غلام بنا لیتے تھے۔‘

نذیر ناجی نے 27 سال روزنامہ جنگ میں گزارے اور سال 2012 میں وہ روزنامہ دنیا سے منسلک ہو گئے ان کا مشہور زمانہ کالم ’سویرے سویرے‘ اخبار کے قارئین کا سب سے پسندیدہ کالم رہا۔

روزنامہ دنیا کے ایڈیٹر ندیم نثار کہتے ہیں کہ ’ہم نے صحافت کی دنیا میں نذیر ناجی سے بڑا صحافت کا استاد نہیں دیکھا۔ ویسے تو ان کے سارے ہم عصر بڑے بڑے نام ہیں تاہم ان کا اپنا ہی مقام تھا۔ ایک دہائی سے بھی زائد عرصہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقعہ ملا وہ بڑے سے بڑے مضمون کو ایک سطر اور بعض اوقات ایک لفظ میں بند کرنے کے ماہر تھے۔ اور یہی ان کا سب سے بڑا فن تھا۔‘

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ندیم نثار کہتے ہیں کہ ’چونکہ نذیر ناجی شاعری بھی کرتے تھے اس لیے کم لفظوں میں بات کرنے میں ان کو ملکہ حاصل تھا۔ آخری دنوں میں جب وہ صاحب فراش ہوئے تو ہم لوگ ان کی خیریت دریافت کرنے گھر جاتے تو اس وقت بھی وہ کتابوں اور خبروں سے منسلک ہی نظر آئے۔‘

حکومت پاکستان نے نذیر ناجی کو صحافت میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز بھی عطا کیا تھا جبکہ وہ لاہور پریس کلب کے تاحیات ممبر بھی تھے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US