کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کے لیے فول پروف سیکیورٹی، خصوصی انتظامات

image

ملک بھر میں مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سیکیورٹی، صفائی اور فلاحی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پشاور، لاہور، ملتان اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے فول پروف انتظامات کا اعلان کیا ہے تاکہ مسیحی برادری بلا خوف و خطر اپنی مذہبی خوشیاں منا سکے۔

پشاور میں سی سی پی او کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور حساس مقامات بالخصوص چرچز کی ازسرِ نو سیکیورٹی ہدایت جاری کی۔ چرچز میں واک تھرو گیٹس، بم ڈسپوزل یونٹ، لیڈیز پولیس، سنیفر ڈاگز اور سی سی ٹی وی نگرانی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ون ویلنگ اور غل غپاڑہ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

لاہور میں پنجاب پولیس نے کرسمس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 6 ہزار سے زائد اہلکار، 12 ایس پیز، 36 ایس ڈی پی اوز اور 100 سے زائد ایس ایچ اوز سیکیورٹی ڈیوٹیز انجام دیں گے۔ شہر کے 622 گرجا گھروں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کر کے سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مسیحی عبادت گاہوں اور تقریبات کے تحفظ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مسیحی برادری میں کرسمس گرانٹ تقسیم کی۔ صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے تقریب میں شرکت کی، جہاں مسیحی برادری کے ساتھ مل کر کرسمس کیک کاٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ سیکیورٹی کے بھی مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں الحمرا آرٹس کونسل میں منعقدہ کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے مسیحی ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر بونس دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی ملازمین ہمارا فخر ہیں اور ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، جبکہ کرسمس محبت، امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں کرسمس اور یومِ قائداعظم کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ڈویژن بھر میں خصوصی صفائی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ چرچز ، مسیحی قبرستانوں کی صفائی، مقامی آبادیوں میں زیرو ویسٹ مہم اور بازاروں کی صفائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ صفائی ورکرز کے اعزاز میں تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US