ابوجا۔8مارچ (اے پی پی):نائیجیریا کی ریاست کدونا میں مسلح افراد نے سکول پر حملہ کر کے 280 سے زائدطلبہ کو اغوا کر لیا۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق ریاست کدونا کی مقامی حکومے کے عہداروں نے گزشتہ روز کوریگا سکول پر حملے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے اغوا ہونے والے بچوں کی واضح تعداد نہیں بتائی۔
سکول ٹیچر سانی عبد اللہی نے بتایا کہ ضلع چیکون میں جی ایس ایس کوریگا سکول کے اغوا ہونے والے بچوں کی تعداد معلوم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایس ایس کوریگا میں 187 بچے لاپتہ ہیں جبکہ پرائمری سکول میں125 بچے لاپتہ ہیں، جن میں سے 25 واپس آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعدد طلبہ سکول کے عملے کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ مسلح افراد ہوائی فائرنگ کر تے رہے۔ کدونا ریاست کے گورنر اوبا ثانی نے ایک پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر بچہ بازیاب ہو۔ ہم سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔