ننکانہ صاحب۔ 30 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کنٹرولر سول ڈیفنس ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس طاہر جاوید نے غیر قانونی ایل پی جی گیس ری فلنگ ایجنسیز کے خلاف علاقہ منڈی فیض آباد میں کاروائی کرتے ہوئے غیر قانونی گیس فروخت اور گیس ری فلنگ کرنے والی 06عدد دکانوں کو سیل کر دیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس طاہر جاوید کا’’ اے پی پی ‘‘ سے خصوصی طور پر جیت کے دوران کہنا تھاکہ غیر قانونی ایل پی جی کی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ معمولی سا کام ہے لیکن کسی بھی وقت کسی بڑے حادثہ کاسبب بن سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی کام میں ملوث افراد کو شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اوور چارجنگ کرنے والوں مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے غریبوں کو لوٹنے والے مافیا کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اربن ایریا میں ایل پی جی کی ری فلنگ سے کسی بھی بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے ۔واضح رہے کہ اربن ایریا میں ایل پی جی کی ری فلنگ جیسے غیر قانونی دھندہ میں ملوث افراد کے خلاف اور اس گھنونے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سختی سے نپٹا جائے گا۔