پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے بہت قریب ہے: چینی وزیراعظم

image

وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کرداراداکرتا رہے گا۔ اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ بھی شریک ہوئے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اسمارٹ کلاس رومز کے حوالے سے دستاویزکا تبادلہ کیا گیا، اس کے علاوہ سی پیک کے تحت گوادرپر7ویں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے نکات کی دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔

تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق دستاویزکا تبادلہ کیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان اطلاعات اورمواصلات کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

تقریب میں پاکستان اورچین کے درمیان غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پیش کی گی، دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ لیبارٹریوں کے قیام، پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا، کرنسی تبادلے کامواہدہ اسٹیٹ بینک اور پیپلزبینک آف چائنہ کے درمیان طے پایا۔

تقریب کے دوران پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، منصوبے کی تکمیل کے لیے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، گوادرعلاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کابھی عکاس ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کرداراداکرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے بہت قریب ہے، دونوں ملکوں کی تذویراتی شراکت داری وقت کے ساتھ گہری ہو رہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نے صنعت، زراعت اور تجارت کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ملکوں کے درمیان نئے باب کااضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، معاشی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں چین نے نمایاں کرداراداکیا، گودار انٹرنیشنل ایئرپورٹ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کامظہر ہے۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چینی ہم منصب کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال ودیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

نور خان ایئربیس پر دو بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس آمد پر لی چیانگ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی چینی وزیراعظم لی چیانگ کا پرتپاک استقبال کیا، چینی وزیراعظم نے گرمجوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔

یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، چین، بھارت، روس، ایران اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران چینی وزیر اعظم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow