ملکہ کوہسار مری میں لوگ سڑکوں پر احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟

image
پنجاب حکومت  کی جانب سے حال ہی میں منظور کیے گئے مری ڈیویلپمنٹ پلان کے خلاف مری میں تاجر برادری سراپا احتجاج ہے۔

اس حوالے سے تاجروں کی جانب سے متعدد احتجاجی مظاہروں کے بعد سنیچر کو مری میں لوئر ٹوپہ کے مقام پر متحدہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا۔

اس جرگے میں پنجاب حکومت سے مری ڈیویلپمنٹ پلان پر نظرِثانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مری ڈیویلپمنٹ پلان ہے کیا؟

حکومت پنجاب کے مطابق مری ڈیویلپمنٹ پلان شہر کی باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت تعمیر و ترقی کا منصوبہ ہے، تاہم اس حوالے سے مال روڈ پر مری کے قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹلوں اور عمارتوں کو ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان ہوٹلوں اور عمارتوں کو متبادل مقام پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ جھیکا گلی سمیت دیگر شاہراہوں پر بغیر منصوبہ بندی قائم کئے گئے تجارتی مراکز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مری ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت مال روڈ پر قدیم عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر سکیم متعارف کروائی جائے گی۔

مری ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت سیکشن فور کا نفاذ

حکومت پنجاب نے ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت مری مال روڈ کے ایک طرف سیکشن فور کا نفاذ کر دیا ہے جبکہ مال روڈ کی دوسری جانب بھی سیکشن فور کے نفاذ کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

حکومت پنجاب سیکشن فور کے تحت متعلقہ جگہ ریاست کی ضرورت کے پیش نظر خرید سکتی ہے اور اُسے کسی بھی مقصد کے لیے استعمال کر سکتی ہے اور تاجری برادری حکومت کے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج بھی نہیں کر سکتی۔

گرینڈ جرگے نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)

مری کی تاجر برادری اور مختلف سیاسی جماعتیں مری ڈیویلپمنٹ پلان کو تاجر دشمن اقدام قرار دے رہے ہیں۔ تاجروں نے مال روڈ سمیت جھیکا گلی بازار کی منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کو اپنے کاروبار کو جبری بند کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

اس حوالے سے متعدد احتجاجی مظاہروں کے بعد سنیچر کو ہونے والے گرینڈ جرگے میں بھی مری ڈیویلپمنٹ پلان کو مسترد کردیا گیا۔

گرینڈ جرگے میں مری ڈیویلپمنٹ پلان کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا فیصلہ

مری میں لوئر ٹوپہ کے مقام پر منعقد ہونے والے گرینڈ جرگے میں پنجاب حکومت سے مری ڈیویلپمنٹ پلان پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

شرکا کی جانب سے عوامی نمائندوں اور تاجر برادری سے مشاورت کے بعد مری کی تعمیر و ترقی کی منصوبہ بندی پر حتمی فیصلہ کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

گرینڈ جرگے میں حکومت پنجاب کی جانب سے مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں عوامی مزاحمت جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

متحدہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے منعقدہ عوامی جرگے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور تاجروں نے شرکت کی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow