اسکول میں شوہر کا کردار کرنے والے لڑکے نے 20 برس بعد اپنی دلہن کو کیسے تلاش کیا؟ چینی جوڑے کی شادی کی انوکھی کہانی

image

محبت کی انوکھی کہانیوں سے بھری دنیا میں چین کے ایک جوڑے کی داستان دلوں کو چھو لینے والی ہے۔ 20 سال قبل اسکول کے ایک اسٹیج پر میاں بیوی کا کردار ادا کرنے والے زینگ اور ان کی بچپن کی ساتھی حقیقت میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

یہ یادگار لمحہ 7 جنوری 2025 کو صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر Chaozhou میں پیش آیا، جہاں زینگ اور ان کی دلہن نے اسی اسکول میں شادی کی جس میں دونوں نے کبھی تعلیم حاصل کی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ وہی جگہ تھی جہاں ایک ڈرامے میں انہوں نے شوہر اور بیوی کا کردار نبھایا تھا۔

20 سال پرانی ایک ویڈیو، جس میں دونوں نے بچپن کے عروسی لباس پہنے اور میک اپ کیے اسٹیج پر قدم رکھا تھا، حالیہ دنوں میں انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔ اس وقت ان کے ساتھ اسکول کے دیگر بچے بھی تھے جو اس یادگار پرفارمنس کا حصہ بنے۔

تاہم، اسکول ختم ہونے کے بعد ان کی راہیں جدا ہو گئیں۔ دونوں مختلف اسکولوں میں داخل ہو گئے اور اگلے کئی برسوں تک ان کا کوئی رابطہ نہ رہا۔

یہ سب اس وقت بدلا جب 2022 میں زینگ کے ایک دوست نے پرانے شو کی ویڈیو شیئر کی۔ زینگ کی والدہ نے ویڈیو دیکھتے ہی بیٹے کو ہدایت کی کہ وہ اس بچپن کی ساتھی کو تلاش کرے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت زینگ اور اس لڑکی دونوں ہی غیر شادی شدہ تھے۔ والدین کی خواہش تھی کہ زینگ جلد اپنا گھر بسا لے۔

زینگ نے اپنی سابقہ اسکول ٹیچر کی مدد سے اپنی ہونے والی دلہن کا پتہ لگایا، اور دونوں نے ملاقات کی۔ ان کا تعلق تیزی سے محبت میں بدل گیا، اور جلد ہی یہ بچپن کے ساتھی حقیقت میں زندگی کے ساتھی بن گئے۔

یہ انوکھی کہانی سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہو رہی ہے۔ لوگوں نے جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محبت کی تعریف کی ہے۔ کئی صارفین نے اس واقعے کو "قسمت کی خوبصورتی" قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow