عالمی برادری ایران اسرائیل تصادم روکنے میں فعال کردارادا کرے ، بلاول بھٹو زرداری

image

بھارتی جارحیت پر پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھنے کے لیے مختلف ممالک کے دورے پر گئے پاکستانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ایران اسرائیل کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی ایشیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان بامقصد مذاکرات شروع نہ کیے گئے تو خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ وقتی حل ہے، مستقل امن تبھی ممکن ہے جب فریقین کھلے دل سے بات چیت پر آمادہ ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے پانی روکنے کی دھمکی پاکستان کو اشتعال دلانے کی ایک خطرناک چال ہے، جو دونوں ممالک کو ایسی راہ پر ڈال سکتی ہے جہاں تیسری عالمی جنگ کا خدشہ پیدا ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ جامع اور بامقصد مذاکرات کا حامی رہا ہے، مگر بھارت کی طرف سے مسلسل انکار ہی کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔

پہلگام حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بھارت کو غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی اور زور دیا کہ ایسے واقعات کی شفاف جانچ پڑتال ہی دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کر سکتی ہے۔

عالمی تناظر میں بھی بلاول بھٹو نے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس تصادم کو روکنے کے لیے فوری اور فعال کردار ادا کرے، کیونکہ دنیا مزید کسی بڑے تنازع کی متحمل نہیں ہو سکتی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US