بلوچستان: ضلع شیرانی کے پہاڑی جنگل میں آگ بھڑک اٹھی

image

بلوچستان ضلع شیرانی کے علاقے احمدی درگاہ گاؤں کے پہاڑی مقام پر جنگل میں آگ بھڑکنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی ابتدائی معلومات فراہم کی گئی ہیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر شیرانی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ابتدائی رسپانس کا آغاز کردیا گیا ہے۔

آگ کی شدت اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن شیرانی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) بلوچستان سے فوری معاونت کی باضابطہ درخواست کی ہے تاکہ آگ پر جلد قابو پایا جاسکے۔

درخواست موصول ہونے پر، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان نے فوری طور پر پی ڈی ایم اے ریسکیو فورس کو متحرک ہونے کی ہدایت جاری کی۔ ہدایات کے مطابق، ایک ریسکیو دستہ کوئٹہ سے روانہ ہوا جو ضروری آلات اور حفاظتی ساز و سامان سے لیس ہے۔

پی ڈی ایم اے ریسکیو فورس کے مطابق، روانہ کیے گئے وسائل میں 12 ریسکیو اہلکار، 200 فائر بالز، 4 فائر بیٹرز، 400 میٹر رسّی، 3 ایمبولینسز، 2 پورٹیبل آکسیجن سلنڈر، 2 اسموک ماسک، 100 سرجیکل ماسکس اور 30 این-95 ماسکس شامل ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US