ٹیک آف سے قبل جہاز کے انجن میں ’کودنے‘ والا شخص ہلاک، عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

image

امریکی جریدے پیپل میگزین کے مطابق گزشتہ ہفتے ہوائی جہاز کے انجن میں کھینچے جانے سے ہلاک ہونے والے اطالوی شخص سے متعلق نئے حقائق سامنے آئے ہیں۔

اطالوی اخبار ’کورئر ڈیلا سیرا‘ کے مطابق اس ہولناک واقعے میں ہلاک ہونے والے 35 سالہ شخص کی شناخت ’اینڈریا روسو‘ کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے ایک بلڈر تھا۔

یہ واقعہ 8 جولائی کی صبح اطالوی وقت کے مطابق 10 بجکر 20  منٹ پر پیش آیا جب اینڈیا روسو میلان برگامو ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں زبردستی داخل ہوا اور مبینہ طور پر وولٹی ایئرلائن کے ایک ہوائی جہاز کے انجن کی طرف بھاگا۔

رپورٹس کے مطابق روسو نے اپنی گاڑی ایئرپورٹ پر چھوڑی اور پھر رن وے کے ایک محدود اور ممنوعہ علاقے میں داخل ہو گیا جہاں اُس نے مبینہ طور پر خود کو جہاز کے ٹربو فین انجن میں دھکیل دیا۔

وولٹی ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ روسو نہ تو مسافر تھا اور نہ ہی ایئرپورٹ یا ایئرلائن کا عملہ۔

اطالوی میڈیا کو حاصل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روسو کس طرح بارڈر پولیس اہلکاروں سے بچ کر جہاز کی طرف بھاگا۔ ایک منظر میں وہ جہاز کے ایک انجن پر چڑھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ زمین پر گرتا ہے اور پھر فوراً اٹھ کر انجن کی طرف کودتا ہے۔ اسی دوران وہ زمین پر گر پڑتا ہے جبکہ ایئرپورٹ کا عملہ خوفزدہ ہو کر یہ منظر دیکھ رہا ہوتا ہے۔

مقامی پولیس ذرائع کے مطابق ’روسو ماضی میں منشیات کے مسائل سے دوچار رہا تھا اور اب دوبارہ نئی زندگی شروع کرنے کی کوشش کر رہا تھا‘۔

ایک عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا، ’پہلے اُس شخص نے جہاز کے دائیں انجن کے حفاظتی کور پر خود کو مارا، اس کے بعد وہ گھوم کر بائیں انجن کی طرف گیا اور پھر یا تو خود کو اس میں پھینک دیا یا وہ اس میں  کھینچ لیا گیا۔‘

وولٹی ایئرلائنز نے ایک بیان میں پیپل میگزین کو بتایا کہ ’ایک شخص، جو نہ تو مسافر تھا اور نہ ہی ایئرپورٹ کا عملہ، جہاز کے اڑان بھرنے سے قبل رن وے پر آیا اور بدقسمتی سے انجن سے ٹکرا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔ ایئرلائن اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے اور ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہے۔‘

ایئرلائن نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اس واقعے میں جہاز میں موجود تمام 154 مسافر اور عملے کے چھ افراد محفوظ رہے۔‘

ایئرلائن نے مزید بتایا، ’مسافروں اور عملے دونوں کو نفسیاتی مدد بھی فراہم کی گئی۔ متاثرہ مسافروں کو دوسری پرواز میں ری بُک کیا گیا جو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 43  منٹ پر روانہ ہوئی۔‘

اس واقعہ پر تحقیق کا آغاز ہو چکا ہے جس میں یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا روسو کا ایئرپورٹ یا ایوی ایشن کے شعبے سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔

مقامی پراسیکیوٹر ماوریزیو رومانیلی نے برطانوی اخبار میٹرو کو بتایا کہ ’ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس شخص کا ایئرپورٹ یا ایوی ایشن کی دنیا سے کوئی تعلق تھا۔ جس گاڑی میں وہ ایئرپورٹ پہنچا اس میں ہر قسم کا سامان موجود تھا مگر کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے اس واقعے کی وضاحت ہو سکے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts