ہانگ کانگ سے دہلی آنے والے ایئر انڈیا کے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

image

انڈیا کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے ایک طیارے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم مسافروں کو بحفاظت جہاز سے نکال لیا گیا۔ 

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق  منگل کو ہانگ کانگ سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی  315 اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گئی، جب طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں تمام مسافر اور جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔

ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ’ہانگ کانگ سے دہلی آنے والی پرواز اے آئی  315 کے  آکسیلیری پاور یونٹ (APU) میں آگ لگ گئی جب وہ لینڈنگ کے بعد گیٹ پر کھڑی تھی۔ جیسے ہی واقعہ پیش آیا، طیارے کا اے پی یو خودکار نظام کے تحت بند ہو گیا‘

بیان میں مزید کہا  گیا کہ ’اس واقعے کے دوران مسافروں کا طیارے سے اترنے کا عمل جاری تھا، اور تمام افراد محفوظ طریقے سے باہر نکل گئے۔ طیارے کو نقصان پہنچا ہے، اور اسے مزید تحقیقات کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن ریگولیٹر کو مطلع کر دیا گیا ہے۔‘

دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں بھڑکنے والی  آگ بجھا دی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

اس سے قبل ایئر انڈیا پیر کو بھی دو مختلف پروازوں کے حادثات کی وجہ سے خبروں میں رہی۔ ایک کولکتہ جانے والی پرواز کو دہلی ایئرپورٹ پر ٹیک آف سے قبل تکنیکی خرابی کے باعث روک دیا گیا۔

اسی روز، کوچی سے ممبئی جانے والی پرواز  خراب موسم کے باعث لینڈنگ کے دوران رن وے سے ہٹ گئی تھی۔ 

ممبئی ایئرپورٹ پر اس واقعے کے بعد ایک رن وے کی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow