یورپ پہنچنے کی ’انوکھی‘ کوشش، 54 مراکشی بچے تیراکی کرتے ہوئے سپین پہنچ گئے

image
ہسپانوی ٹیلی ویژن نے کہا ہے کہ کم از کم 54 بچوں اور تقریباً 30 افراد نے خراب موسم اور دھند میں تیراکی کرتے ہوئے مراکش سے سپین کے شمالی افریقی علاقہ سیئوتا تک کا سفر کیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو ہسپانوی ٹیلی ویژن چینل RTVE پر دکھائی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ سول گارڈ کی کشتیاں کئی بار تیراکوں کو بچانے کی کوشش کرتی رہیں تاکہ انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا جا سکے، جبکہ کچھ لوگ تیر کر خود سیئوتا کے علاقے تک پہنچ گئے۔

زیادہ تر بچے مراکشی ہیں اور انہیں سیئوتا میں قائم عارضی سینٹرز میں لے جایا گیا، جبکہ حکام نے اس معاملے پر مرکزی حکومت سے مدد بھی طلب کر لی ہے۔

سیئوتا کی علاقائی حکومت کے عہدے دار خوان ریواس نے سنیچر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں اکیلا نہ چھوڑیں۔ یہ ایک ریاستی معاملہ ہے، اور اسے حل کیا جانا چاہیے۔‘

مقامی پولیس کے مطابق گذشتہ برس 26 اگست کو سینکڑوں تارکینِ وطن نے دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمسایہ ملک مراکش سے تیراکی کرتے ہوئے سیئوتا پہنچنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے علاوہ سنہ 2021 میں بھی ایک لڑکے کو خالی پلاسٹک کی بوتلوں پر تیرتے ہوئے سیئوتا پہنچنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا تھا۔

بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع سپین کے دو چھوٹے علاقے سیئوتا اور میلیلا، یورپی یونین کی افریقہ کے ساتھ واحد زمینی سرحدیں ہیں۔ ان علاقوں میں وقتاً فوقتاً ایسے واقعات پیش آتے ہیں جن میں تارکینِ وطن یورپ پہنچنے کی کوشش میں سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سرحد عبور کرنے کے دوران گرفتار کیے گئے مراکشی شہریوں کو فوراً واپس مراکش بھیج دیا جاتا ہے، بشرطیکہ وہ نابالغ نہ ہوں یا پناہ کے متلاشی نہ ہوں۔

دیگر قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو خصوصی مراکز میں رکھا جاتا ہے، جہاں انہیں کچھ دن پناہ دی جاتی ہے اور پھر رہا کر دیا جاتا ہے۔

تین سال قبل، کم از کم 23 افراد اُس وقت بھگدڑ میں جان کی بازی ہار گئے جب تقریباً 2,000 تارکینِ وطن نے میلیلا میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے بارڈر فینس کو گرا دیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow